لندن: چیمپیئنز ٹرافی کے آغاز کے ساتھ ہی انگلش ٹیم انجری مسائل سے دوچار ہو گئی ہے اور انگلش فاسٹ باؤلر کرس ووکس انجری کے سبب ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
اوول میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف کرس ووکس نے شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلا اوور میڈان کرایا لیکن پھر دوسرے اوور میں وہ انجری کا شکار ہو کر میدان سے باہر چلے گئے اور دوبارہ باؤلنگ کیلئے نہ آ سکے۔
انگلش کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی کہ ان کی ٹانگ میں مسئلہ ہے جس کے سبب وہ چیمپیئنز ٹرافی میں مزید شرکت نہیں کریں گے۔ یاد رہے کہ کرس ووکس ایونٹ سے قبل بھی انجری مسائل سے دوچار تھے لیکن انہوں نے فٹنس ٹیسٹ پاس کرتے ہوئے خود کو چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کا اہل ثابت کیا۔
چیمپئنز ٹرافی میں انگلینڈ کی ٹیم 6 جون کو نیوزی لینڈ اور 10 جون کو روایتی حریف آسٹریلیا کے مدمقابل ہو گی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں