شام: داعش نیوز ایجنسی کے بانی بیٹی سمیت ہلاک، اہلیہ زخمی

03:21 PM, 2 Jun, 2017

بیروت: غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق داعش نے اب تک اعماق نیوز ایجنسی کے بانی براء کادق کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی ہے تاہم شامی رضاکاروں کا کہنا تھا کہ براء کادق داعش کی قیادت کے بہت قریب تھے۔ انھوں نے ان کا اعتماد حاصل کیا اور وہ مبینہ طور پر ابوبکر البغدادی سے ملاقات بھی کر چکے تھے۔

ان کے بھائی حذیفہ اور سابق دوستوں نے کادق کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ داعش کے خلاف امریکی اتحادیوں کے مبینہ فضائی حملے میں ہلاک ہوئے ہیں۔

اس فضائی کارروائی میں ان کے مکان کو شام کے علاقے المیادین میں نشانہ بنایا گیا تھا۔ ان کے بھائی نے کادق کی ہلاکت کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر کیا۔ کادق کے سابق دوست نے کہا کہ وہ اور ان کی بیٹی اور اہلیہ گذشتہ جمعے کو ہونے والے فضائی حملے میں زخمی ہوئے تھے لیکن بعد ازاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ اور ان کی بیٹی ہلاک ہو گئے۔

سماجی رابطے کی مختلف ویب سائٹس پر یہ بھی رپورٹس گردش کر رہی ہیں کہ مذکورہ فضائی حملے میں داعش کے ایک عالم ال بن علی بھی ہلاک ہوئے ہیں تاہم ان کی ہلاکت کے مقام کے حوالے سے متضاد اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

دوسری جانب شام میں انسانی حقوق کے حوالے سے کام کرنے والے برطانوی مانیٹرنگ گروپ کا کہنا تھا کہ داعش کی اعلی قیادت جو ممکنہ طور پر مشرق وسطی سے تعلق رکھتی تھی گذشتہ 48 گھنٹوں میں ہونے والی فضائی کارروائی میں ہلاک ہوئی تاہم گروپ نے یہ تصدیق نہیں کی کہ ان میں ال بن علی بھی تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں