بھارت نے سب سے تیز رفتار معاشی ترقی کا اعزاز کھو دیا

01:05 PM, 2 Jun, 2017

نئی دہلی: بھارت کی معاشی ترقی کی رفتار میں مزید کمی ہوئی ہے۔ مارچ میں ختم ہونے والی سہ ماہی میں بھارتی جی ڈی پی میں اضافے کی شرح چھ اعشاریہ ایک فی صد رہی جو توقعات سے کم تھی۔

بھارت کی مجموعی ملکی پیداوار کے اعداد و شمار کے مطابق بھارتی معیشت میں ترقی کی شرح کم ہونے کا بنیادی سبب مودی سرکار کی جانب سے نوٹ بندی کی پالیسی کو قرار دیا جا رہا ہے۔

مارچ میں ختم ہونے والی سہ ماہی میں جی ڈی پی میں اضافے کی شرح ساڑھے چھ فیصد متوقع تھی جو چھ اعشاریہ ایک فیصد رہی۔ یوں بھارت نے دنیا کی بڑی معیشتوں میں سب سے تیز رفتار ترقی کا اعزاز کھو دیا ہے۔ چین 6 اعشاریہ 9 فیصد جی ڈی پی گروتھ کے ساتھ بھارت سے اوپر آ گیا ہے۔

یاد رہے مودی سرکار نے نقلی نوٹ اور کالے دھن کے خلاف مہم کے تحت ایک ہزار اور پانچ سو کے نوٹ بند کر دیئے تھے۔ جس کے بعد ملک میں نقد رقم کا بحران پیدا ہو گیا تھا اور معاشی سرگرمیاں بھی کافی حد تک متاثر ہوئیں تھیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں