نئی دہلی: میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر لیڈر منی شنکر ائیر نے کہا زیادہ فوج بھیج کر کشمیریوں کو دبانے سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے آئین میں ترمیم کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ صرف بات چیت سے ہی کشمیریوں کے دل جیتے جا سکتے ہیں۔
منی شنکر ائیر نے کہا کہ بھارت کے آئین میں ملک کی 11 ریاستوں کو خصوصی اختیارات یا مراعات دی گئی ہیں اور جب آپ 11 ریاستوں کے لئے خصوصی انتظام کر سکتے ہیں تو کشمیریوں سے کیوں بات نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری رہنما آزادی چاہتے ہیں لیکن یہ واضح نہیں کرتے کہ ان کی آزادی کا مطلب کیا ہے۔ کشمیر میں شور کو کچلنے کے لئے فوج بھیجی جا سکتی ہے لیکن وہاں لوگوں کے دل و دماغ جیتنے کے لئے آپس میں بات چیت کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہاکہ بات چیت کی راہ میں اگر ایک قدم بھی ہم نے صیح ذہنیت کے ساتھ اٹھایا تو کشمیری بھی فوری آگے بڑھیں گے۔
واضح رہے برہان وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک زور پکڑ گئی تھی تاہم بھارتی فوج نے بھی مظالم کی انتہا کرتے ہوئے سیکڑوں کشمیریوں کو شہید کر دیا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں