جدہ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ٹوئٹر پر اپنے نت نئے تبصروں اور اپنے اتحادیوں پر حملوں کے ساتھ نمایاں نظر آتے ہیں تاہم ایک ٹوئٹ پر سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے کے معاملے پر امریکی صدر کو شکست کا سامنا ہے۔
دنیا کے حکمران جنھیں سب سے زیادہ ری ٹوئٹس آتے ہیں وہ سعودی شاہ سلمان ہیں، یہ بات مواصلاتی کمپنی برسون مارٹسٹیلر کی تحقیق ’ٹوئپلومیسی‘ میں سامنے آئی ہے۔ یہ اسٹڈی اپریل 2016 سے لیکر رواں برس 20 مئی کے دوران کی ہے جس میں سعودی شاہ نے صرف 10 مرتبہ ٹوئٹر پر تبصرہ کیا ہے لیکن ان میں ہر ٹوئٹ کو تقریباً ایک لاکھ 47 ہزار مرتبہ ری ٹوئٹ کیا گیا جبکہ ٹرمپ کی ٹوئٹ کو دوبارہ ٹوئٹ کئے جانے کی اوسط ایک لاکھ 31 ہزار ہے۔
رپورٹ کے مطابق شاہ سلمان نے صرف عربی زبان میں ٹوئٹس کی ہیں اور اس میں کوئی تصویر بھی نہیں تھی لیکن ہر ٹوئٹ کو ہزاروں بار دوبارہ ٹوئٹ کیا گیا۔ یہ تحقیق 178 ممالک کے 856 عہدیداران پر کی گئی تھی۔