اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف تاجکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر دوشنبے پہنچ گئے۔
وزیراعظم نے تاجک قومی ہیرو اسماعیل سامانی کی یادگار پر حاضری دی۔انہوں نے سمانی کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
دوشنبے کے ہوائی اڈے پر ان کا استقبال تاجک وزیراعظم کوخیر رسول زادہ، وزیر برائے توانائی و آبی وسائل، تاجک نائب وزیر خارجہ ، دوشنبے کے میئر جمشید اور پاکستان میں تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف اور تاجکستان میں پاکستانی سفیر محمد یوسف نے کیا۔
صدارتی محل پہنچنے پر صدر امام علی رحمان نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔انہیں تاجک مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی شامل ہیں۔
وزیر اعظم آفس کے اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم تاجکستان کے صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے، جبکہ یہ دورہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں کا حصہ ہے۔ وہ تاجک پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کے چیئرمین سے بھی ملاقات کریں گے۔
فریقین کے درمیان باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوگی۔دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط کا بھی امکان ہے۔
اس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف 3 سے 4 جولائی تک آستانہ (قازقستان) کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم شنگھائی تعاون کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے 2 سربراہی اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔ سربراہی اجلاس میں وزیراعظم اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔