کولمبو: سری لنکا نے تھائی لینڈ کی جانب سے تحفے میں دیے گئے ہاتھی کو واپس بھیجنےکا فیصلہ کر لیاہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکن حکومت کی جانب سے دو دہائیوں سے بدھا مندر میں رہنے والا ہاتھی اب تھائی لینڈ کو واپس کیا جا ئے گا۔ رپورٹس کے مطابق مندر میں ہاتھی کے ساتھ مبینہ طور پر بدسلوکی کی جا رہی تھی جس کی وجہ سے دونوں ممالک میں سفارتی تعلقات بھی خراب ہو رہے تھے۔
خیال رہےتھائی لینڈ کے شاہی خاندان نے 2001 میں موتھو راجہ نامی ہاتھی بطور تحفہ سری لنکن حکومت کو دیا تھا جسے سری لنکن حکومت نے بعدازاں مذہبی رسومات کے لیے مندر کو دے دیا تھا۔
جانوروں اور ماحولیات کی ایک تنظیم نے ہاتھی کے ساتھ بدسلوکی کا الزام لگایا تھا کہ اس کی ٹانگ کے زخم کو نظر انداز کیا جا رہا ہے جس پر تھائی حکام نے پچھلے سال ہاتھی کی واپسی کا مطالبہ کیا تھا۔