سینئر صحافی ایاز امیر پر حملے کا مقدمہ درج

10:24 AM, 2 Jul, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: سینئر صحافی ایاز امیر پر حملے کا مقدمہ  ڈرائیور کی مدعیت میں لاہور کے  تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں درج  کرلیا گیا .

تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی ایاز امیر پر حملے  کی ایف آئی آر ایاز امیر کے ڈرائیور کی مدعیت میں تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں درج  کی  گئی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے ،   گرفتاری میں سیف سٹی کیمروں کی  مدد لی جائے گی۔

واضح رہے گزشتہ شب ایاز امیر نجی ٹی وی پر شو کے بعد جارہے تھے کہ ایبٹ روڈ پر   6نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی کو روکا اور   تشدد کا نشانہ بنایا ،ملزمان   نے ایا زامیر اور انکے ڈرائیور سے موبائل بھی چھین لئے ،ایاز امیر کا پرس بھی  لے گئے۔ ایاز امیر کی کی آنکھوں ، ہونٹ ، سینے اور گھٹنے پر چوٹیں آئیں۔

واقعے پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی   نے تشویش کا اظہار کیا ،  وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے   واقعہ کا نوٹس لے کر حکام سے حملے کی رپورٹ طلب  کرلی ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ ایاز امیر پر تشدد کے واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے، انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی  چودھری پرویزالہیٰ نے بھی فوری ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا  جبکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی سینئر صحافی   پرحملے کی مذمت کی ، مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ  ایازمیر نہایت ہی شائستہ اور سلجھے ہوئے صحافی ہیں،  تشدد کسی صورت قابل قبول نہیں ۔

دوسری جانب ایمنڈ سمیت دیگر صحافتی تنظیموں اور سینئر صحافیوں نے بھی ایاز امیر پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

مزیدخبریں