پاکستان اب کبھی بھی کسی اور کی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا:مراد سعید 

06:48 PM, 2 Jul, 2021

 اسلام آباد :وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ امریکہ کو اڈے دینے سے متعلق مؤقف میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آئے گی پاکستان نے جو مؤقف اپنایا اب اس پر کھڑا رہے گا۔

مراد سعید نے ایک انٹرویو میں کہادنیا بھی بدلتا ہوا پاکستان دیکھ رہی ہے، نائن الیون کے بعد عمران خان کہتے تھے افغانستان میں امن چاہیے کیوں کہ افغانستان میں امن ہوگا تو اس سے پاکستان کو بھی فائدہ ہوگا۔ پاکستان کی پالیسی وہی ہے جو کل وزیراعظم عمران خان نے بیان کی، افغان اپنے ملک سے متعلق جو بھی فیصلہ کرینگے پاکستان ان کیساتھ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف 70 ہزار جانوں کا نذرانہ دیا ہے،امریکہ کو اڈے دینے سے متعلق وزیراعظم کے بیان پر انہوںنے کہاکہ دنیابھی آج بدلتا ہوا پاکستان دیکھ رہی ہے، پاکستان واضح کہہ چکا پاکستان کی سرزمین کسی کیخلاف استعمال نہیں ہوسکتی، پاکستان نے جو مؤقف اپنایا اب اس پر کھڑا رہے گا۔

وزیرمواصلات نے کہا کہ ہم امن میں تو اتحادی بن سکتے ہیں لیکن جنگ میں نہیں بنیں گے، پاکستان اب کبھی بھی کسی اور کی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔ ماضی میں غلطیاں ہوئی ہیں لیکن اب پاکستان نے آگے بڑھنا ہے، ماضی میں اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالا جاتا تھا لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا امریکی جانب سے کہا جاتا تھا کہ ہم آپ کو امداد دے رہے ہیں، مراد سعید نے کہا کہ پاکستان نے امداد کے بدلے 70 ہزار اپنوں کی قربانیاں دی ہیں اور جو قربانیاں دیں امریکہ اس پر کیسے وضاحت دے گا۔

مزیدخبریں