کراچی: ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان (ایچ ای سی) نے ملک بھر میں ایسوسی ایٹ اور چار سالہ ڈگری موخر کرنے پرراضی ہو گیا۔
ایچ ای سی ملک بھر کی جامعات اور کالجوں میں دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری اور چار سالہ بی ایس گریجویشن پروگرام موخر کرنے پرراضی ہو گیا ہے جس کا نوٹیفیکیشن جلد جاری ہو گا۔ یہ رضا مندی جمعہ کی صبح ملک بھر کی سرکاری و نجی جامعات کے وائس چانسلرز کے منعقدہ اجلاس میں ظاہر کی گئی۔
اس اجلاس میں ایچ ای سی پاکستان کی نمائندگی ایگزیکیٹو ڈائریکٹر شائستہ سہیل نے کی جبکہ جامعات کے وائس چانسلرز کی نمائندگی قائد اعظم محمد علی جناح یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شاہ کر رہے تھے جبکہ ملک بھر کی 150 کے قریب سرکاری و نجی جامعات کے وائس چانسلرز اجلاس میں شریک تھے۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شاہ نے تصدیق کی کہ دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری اور چار سالہ گریجویشن کو فی الحال موخر کر دیا گیا ہے اور تمام جامعات کی جانب سے اس حوالے سے دیے گئے دلائل پر ایچ ای سی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایچ ای سی ایک سمری تیار کر کے سرکولیشن کے ذریعے کمیشن ممبران کو بھیجے گی اور اراکین کی منظوری سے دونوں پروگرام کے موخر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔