2009میں ٹیم میں بغاوت کے ماسٹر مائنڈ شاہد آفریدی تھے،یونس خان

02:48 PM, 2 Jul, 2021

لاہور: یونس خان نے 2009میں ٹیم میں بغاوت کا ماسٹر مائنڈ شاہد آفریدی کو قرار دے دیا۔

یونس خان نے جنوبی افریقہ میں چیمپئنز ٹرافی 2009میں ساتھی کھلاڑیوں کی جانب سے بغاوت کا ماسٹر مائنڈ شاہد آفریدی کو قرار دیا ہے ۔  اس وقت کھلاڑیوں نے یونس خان کی کپتانی میں نہ کھیلنے کا عزم کرتے ہوئے قرآن پر حلف اٹھایا تھا،شاہد آفریدی، شعیب ملک، مصباح الحق اور محمد یوسف اس میں  پیش پیش تھے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر یونس خان نے کہاکہ مجھے لگتا ہے یہ کپتانی حاصل کرنے کا معاملہ تھا، شاہد آفریدی نے خود تسلیم کیا کہ وہ یہ شکایت لے کر اس وقت کے چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ کے پاس گئے،آل راؤنڈر کراچی سے فلائیٹ میں اسلام آباد گئے اور بات بھی کی تو شاید ماسٹر مائنڈ بھی وہی ہوں گے،نجانے انھوں نے یہ بات کیوں کہی کہ شکایت ہے مگر یونس خان کو کپتانی سے نہیں ہٹانا چاہتے۔

 انھوں نے کہا کہ جس نے بھی بات کی اس کا یہی کہنا تھا کہ یونس خان سخت مزاج ہیں،کرکٹرز ان کی کپتانی میں کھیلنا نہیں چاہتے، کسی نے خود یہ نہیں کہا کہ وہ کھیلنے کو تیار نہیں، سب دوسروں کی بات کرتے رہے۔

مزیدخبریں