کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی ذوالفقار شاہ نے فیڈرل انوسٹی گیشن (ایف آئی اے) سائبر کرائم ونگ سے رابطہ کرکے ٹک ٹاکر حریم شاہ سے شادی کے جھوٹے پروپگنڈے پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے لئے درخواست جمع کرا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق رکن سندھ اسمبلی ذوالفقار شاہ نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو جمع کرائی گئی درخواست میں سوشل میڈیا کے سکرین شاٹ درخواست کے ساتھ منسلک کر دیے ہیں۔
ذوالفقار شاہ نے یہ درخواست ڈائریکٹر جنرل اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو جمع کرائی ہے۔ انہوں نے درخواست کے متن میں کہا ہے کہ حریم شاہ سے شادی کا جعلی پروپیگنڈہ کرکے میری کردار کشی کی گئی، اس میں ملوث افراد کیخلاف جلد کارروائی کرکے سخت سزا دی جائے۔
دوسری جانب خبریں ہیں کہ ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ نے کاروباری شخصیت حسن اقبال کے الزامات پر ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ان کی کوئی چیز شیئر نہیں کی ہے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ میں نے کاروباری شخصیت حسن اقبال کے الزامات کا قانونی طریقے سے جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
حریم شاہ نے کہا کہ حسن اقبال کا یہ دعویٰ کہ انہوں نے تصاویر پتا نہیں کہاں سے اٹھائی ہیں، بالکل غلط ہے کیونکہ وہ اپنی پروموشن کیلئے میرے اکاؤنٹ سے ویڈیوز اور تصاویر شیئر کراتے تھے، میں نے حسن اقبال کی کوئی چیز شیئر نہیں کی، میں انہیں قانونی طریقے سے جواب دوں گی۔
حریم شاہ کا کہنا تھا کہ حسن اقبال کے ساتھ کسی بھی طرح کا کوئی تعلق نہیں تھا، البتہ وہ جاننے والا ہے اور درخواست کرتا تھا کہ اپنی پروفائل سے ویڈیوز شیئر کریں تاکہ میری پروموشن ہو سکے، حسن اقبال میرا دوست نہیں ہے اور جہاں تک شادی کی بات ہے تو میں اس کا اقرار بھی کروں گی اور اعلان بھی کروں گی تاہم ابھی چاہتے ہوئے بھی اپنے مداحوں کے ساتھ خوشی کا اظہار نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا کہ ابھی میری مجبوری ہے اور جیسے ہی مجھے اجازت ملے گی تو میں اپنے شوہر کے بارے میں ضرور بتاؤں گی، میرے شوہر پہلے سے شادی شدہ ہیں، ان کے بچے ہیں، وہ پہلے اپنی اہلیہ کو منائیں گے اور پھر سامنے آئیں گی، انہوں نے کہا تھا کہ میں اپنی پہلی اہلیہ کو قائل کر لوں گا اور وہ قائل ہو جائیں گی۔