مظفر آباد: کشمیر پریمئیر لیگ کی فرنچائز کوٹلی لائنز نے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور عالمی شہرت یافتہ آل راؤنڈر عبدالرزاق کو 3 سال کیلئے ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔
عبدالرزاق کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کیلئے کوٹلی لائنز کے ساتھ منسلک ہونا باعث اعزاز ہے، کرکٹ میں جنون ہے اور نئی لیگ اور فرنچائزز سے منسلک ہونا پرجوش ہے۔
کوٹلی لائنز کے اونرز ناصر یوسف، خالد ضیاء، فیصل ندیم مرزا اور مرزا اعجاز بیگ نے عبدالرزاق کو کوٹلی لائنز فیملی میں آمد پر خوش آمدید کہا۔
اونرز کا کہنا تھا کہ انہیں پوری امید ہے کہ عبدالرزاق جیسے ورلڈ کلاس کرکٹر سے کوٹلی لائنز کے کرکٹرز بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ کشمیر پریمئیر لیگ کا پہلا سیزن چھ سے سولہ اگست تک مظفر آباد آزاد کشمیر میں منعقد ہوگا۔
عبدالرزاق نے کہا کہ کوٹلی لائنز کے ذریعے جہاں کرکٹرز کو اپنے تجربے سے مستفید کروں گا وہاں آزاد کشمیر اور خصوصاً کوٹلی سے نیا کرکٹ ٹیلنٹ بھی تلاش کیا جائے گا۔ لیگ کیلئے فرنچائزز اپنی ٹیموں کا انتخاب تین جولائی کو اسلام آباد میں ہونیوالے ڈرافٹس سے کریں گی۔