لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں آٹے کی نئی قیمت کی منظوری دے دی گئی، آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 850 روپےمقررکردی گئی۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس میں فلور ملز کو قبل ازوقت گندم ریلیز کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔ گندم کی عبوری پالیسی کی 2 ماہ کے لیے منظوری دی گئی۔صوبائی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فلورملزکوایک ہزار475 روپے فی من کےحساب سے گندم فراہم کرے گی۔ ویٹ پالیسی منظور ہونے سے 20 کلو آٹے کا تھیلہ 1100 روپے سے 850 روپے پرآگیا۔صوبائی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فلور ملز کو 1475 روپے فی من کے حساب سے گندم فراہم کی جائے گی۔ گندم کی عبوری پالیسی 2 ماہ کے لیے ہوگی۔
پنجاب کابینہ نے فیصلہ کیا کہ محکمہ خوراک پنجاب صرف فنکشنل فلور ملز کو سرکاری گندم کا کوٹہ دے گا۔ سرکاری گندم کے اجرا کی عبور ی پالیسی کی کڑی مانیٹرنگ ہوگی۔پنجاب کابینہ نے محکمہ خوراک سے ٹارگٹڈ سبسڈی کیلئے جامع پلان طلب کرلیا۔ محکمہ خوراک 30روز میں اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گا۔اجلاس میں پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل کے کنٹریکٹ میں ایک سال کی توسیع کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں پنجاب کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن ایکٹ 2014ء میں ترمیم کا ڈرافٹ بل منظور کرلیا گیا۔
صوبائی کابینہ نے پنجاب اربن ان مووایبل پراپرٹی ٹیکس رولز 1958ء میں ترامیم کی منظوری دے دی۔ ملتان میں ٹائم انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلئے ایکٹ پنجاب اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دء دی گئی۔اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ معاشی مشکلات کے باوجود عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں۔ صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ پوری ٹیم محنت کے ساتھ کام کررہی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا۔ اسپتالوں میں آکسیجن کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ صحت کو آکسیجن کی فراہمی کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کردی اور کہا کہ آکسیجن کی قلت کسی صورت نہیں ہونی چاہیے۔ صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی اور متعلقہ سیکریٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔
گزتشہ ماہ 23 جون کی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا تھا کہ پنجاب کے پاس گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام سے متعلق جائزہ لیا گیا تھا، جبکہ فلور ملز کو گندم ریلیز کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا تھا۔اجلاس میں پنجاب کابینہ سے گندم ریلیز کرنے اور قیمت مقرر کرنے کی منظوری لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ منظوری کے بعد فلور ملز کو مقرر کردہ قیمت پر گندم فراہم کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا تھا کہ پنجاب حکومت کے پاس گندم کے وافر ذخائرموجود ہیں اور مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں استحکام کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا تھا کہ آٹے کی قیمت میں استحکام کے لیے ہر ممکن آپشن کا جائزہ لے کر فیصلہ کیا جائے گا جبکہ پنجاب حکومت نے رواں سیزن کے دوران ریکارڈ گندم خریدی ہے۔اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ عام آدمی کی معاشی مشکلات کا ازالہ ہماری پہلی ترجیح میں شامل ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب بجٹ میں کمزور طبقے کے تحفظ کے لیے اقدامات تجویز کیے گئے، جامع منصوبہ بندی کے ذریعے عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا ہے۔