جنوبی پنجاب صوبے کے خواب کی تعبیر کا آغاز ہوگیا، شاہ محمود

جنوبی پنجاب صوبے کے خواب کی تعبیر کا آغاز ہوگیا، شاہ محمود


اسلام آباد:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت نے جنوبی پنجاب صوبہ کے خواب کی تعبیر کا آغاز کر دیا ہے، اس صوبے کا قیام ہمارے منشور میں شامل تھا۔

شاہ محمود قریشی نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں جنوبی پنجاب کے ایک منتخب نمائندے کی حیثیت سے وزیر اعظم پاکستان کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔انہوں نے بتایا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کی تعیناتی عمل میں آ چکی ہے.

میری دونوں افسران سے بات ہوئی وہ اپنا چارج سنبھالنے کیلئے تیار ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان صاحب اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار صاحب نے انہیں پوری طرح بریف کر دیا ہے کہ ہماری ان سے توقعات کیا ہیں، جنوبی پنجاب کے لوگوں کو اب اپنے کاموں کے سلسلے میں لاہور جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

ان کے پولیس سے متعلقہ معاملات اور انتظامی معاملات ملتان اور بہاولپور میں ہی حل ہوں گے، دونوں افسران بہاولپور اور ملتان دونوں جگہوں پر اپنے دفاتر قائم کریں گے اور وہاں بیٹھ کر عوام کے مسائل حل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے حوالے سے بھی انتہائی اہم قدم ہے، نیشنل فنانس ایوارڈ کی طرح صوبائی فنانس ایوارڈ بھی انتہائی ضروری ہے جب صوبائی فنانس ایوارڈ کا نفاذ ہوگا تو ضلعوں کو ان کی آبادی ، ان کی ضروریات اور ان کی محرومیوں کو سامنے رکھتے ہوئے فنڈر دستیاب ہوں گے۔