وفاقی تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2019ءکے نتائج کا اعلان کردیا

 امتحانات میں کامیابی کا مجموعی تناسب 84.3 فیصد رہا

02:39 PM, 2 Jul, 2019


اسلام آباد :وفاقی تعلیمی بورڈ نے ایس ایس سی پارٹ II- (میٹرک) کے سالانہ امتحانات 2019ءکے نتائج کا اعلان کر دیا۔

امتحانات میں کامیابی کا مجموعی تناسب 84.3 فیصد رہا۔ 87114 امیدواروں نے امتحانات میں حصہ لیا جن میں سے 73203 امیدوار کامیاب ہوئے۔ منگل کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کمپیوٹر بٹن دبا کر نتائج کا اعلان کیا۔ نتائج کے مطابق میٹرک کے سالانہ امتحانات میں 71 ہزار 977 ریگولر امیدواروں نے شرکت کی جن میں سے 66 ہزار 126 امیدوار کامیاب ہوئے، کامیابی کا تناسب 91.87 فیصد رہا۔

اسی طرح 15 ہزار 137 پرائیویٹ اور سابق امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی جن میں سے 7 ہزار 77 امیدوار کامیاب ہوئے اور کامیابی کا تناسب 46.75 فیصد رہا۔ نتائج وفاقی تعلیمی بورڈ کی ویب سائیٹ www.fbise.edu.pk پر جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ جن امیدواروں نے اپنے موبائل نمبر دیئے تھے ان کو ایس ایم ایس کے ذریعے نتائج بھجوا دیئے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق امیدوار 5050 پر اپنا رول نمبر ایس ایم ایس کر کے بھی نتائج معلوم کر سکتے ہیں۔ وفاقی تعلیمی بورڈ نے کہا ہے کہ تمام ریگولر امیدواروں کو مارک شیٹس ان کے تعلیمی اداروں کو بھجوا دی گئی ہیں جبکہ پرائیویٹ امیدواروں کی مارک شیٹس ان کے دیئے گئے پتہ جات پر ارسال کی گئی ہیں۔ جن امیدواروں کے نتائج روکے گئے ہیں وہ فوری طور پر بورڈ آفس سے رابطہ کریں۔

مزیدخبریں