سی این جی قیمت میں اضافہ، کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کی ہڑتال

09:57 AM, 2 Jul, 2019

کراچی: سی این جی کی قیمت میں اضافے کے خلاف کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کی جانب سے آج ہڑتال کی جا رہی ہے جس کے باعث سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ معمول سے کم ہے۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی کی قیمت 19 روپے اضافے کے ساتھ 123 روپے فی کلو ہو گئی جس کے باعث شہر کے مختلف سی این جی اسٹیشنز بند ہیں اور ڈرائیورز سراپا احتجاج ہیں۔

کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کی جانب سے سی این جی مہنگی کرنے کے خلاف آج ہڑتال کی جا رہی ہے۔ہڑتال کے باعث کچھ روٹس پر بسیں کم کر دی گئی ہیں۔ سڑکوں پر منی بسیں بھی کم ہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو دفاتر اور بچوں کو اسکول جانے میں دشواری کا سامنا ہے۔

ڈیلرز کے مطابق بیشتر اسٹیشنز پر سی این جی کی قیمت 123 روپے فی کلو تک فروخت کی جارہی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق سی این جی قیمت میں گزشتہ اکتوبر سے 41 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب کوئٹہ میں بھی فی کلو سی این جی 112 سے 123 روپے جب کہ پشاور میں 140 روپے کر دی گئی ہے۔

مزیدخبریں