لاہور: چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے نے بھارت کی نیندیں حرام کر دیں۔ بھارتی ڈائیریکٹریٹ فور ملٹری آپریشن میں سی پیک پر ایک خصوصی ڈیسک تشکیل دے دیا گیا۔ ڈیسک کی سربراہی بھارتی ڈی جی ایم اولیفٹیننٹ جنرل اے کے بھٹ کر رہا ہے اور ڈیسک کا کام سی پیک منصوبہ کو ناکام بنانا ہو گا۔ نیو نیوز کو بھارتی فوج کے مشرقی کمانڈ ہیڈ کواٹر میں سی پیک پر ہونے والے اہم سیمینار کی تصاویر موصول ہو گئیں۔
تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھارتی 3 کور کا کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل انیل چوہان سی پیک کے نقشہ پر بریفنگ دے رہا ہے۔ انیل چوہان مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھانے کی پلاننگ کے حوالہ سے بھی خاصی شہرت رکھتا ہے۔
بھارتی فوج نے سی پیک کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کے لیئے بھارتی صحافیوں کی خدمات بھی حاصل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ مشرقی کمانڈ ہیڈ کواٹر میں ہونے والے سیمینار میں بھارتی صحافی، کلاڈ آر پی، جیبن ٹی جیکب اور نٹن اے گوکاہلے نے بھی شرکت کی۔ سیمینار 30 جون کو بھارتی فوج کے مشرقی کمانڈ ہیڈ کواٹر میں منعقد ہوا۔
یاد رہے سی پیک کا منصوبہ پاک چین دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور چین پاک اقصادی راہداری منصوبے کے تحت پاکستان میں جنوب مغربی صوبے بلوچستان میں گہرے سمندری پانیوں والی گوادر کی بندرگاہ کو چین کے خود مختار مغربی علاقے سنکیانگ سے جوڑا جائے گا۔
تین ہزار کلومیٹر طویل اس منصوبے کے تحت مستقبل میں گوادر اور سنکیانگ کے درمیان نئی شاہراہوں اور ریل رابطوں کی تعمیر کے علاوہ گیس اور تیل کی پائپ لائنیں بھی بچھائی جائیں گی۔ ابتدا میں اس منصوبے پر اٹھنے والی لاگت کا تخمینہ 46 بلین ڈالر کے برابر لگایا گیا ہے اور یہ پروجیکٹ کئی مرحلوں میں 2030ء تک مکمل ہو گا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں