لاہور: امیر جماعت اسلامی اور سینیٹر سراج الحق نے قومی انتخابات کنونشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کرپٹ افراد پارٹیاں بدلتے رہتے ہیں اگر کرپٹ افراد غلاف کعبہ کے پیچھے چھپ جائیں ہم انہیں وہاں سے نکال لائیں گے کیونکہ جماعت اسلامی ملک کو کرپشن فری ریاست بنانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہمیں سوچنا ہو گا کہ کن کی وجہ سے لوگ غربت کا شکار ہیں اور لوگ اپنی عزت اور غیرت کا سودا کرنے پر مجبور ہیں لیکن آپ کروڑوں کے اشتہار دے کر پنجاب کو بہترین ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ حکمران نہ حقوق اللہ ادا کرتے ہیں نہ حقوق العباد کیونکہ وہ خدا بننے کی کوشش کرتے ہیں۔ سراج الحق نے کہا اگر حکمران عوام سے محبت کرنا شروع کر دیں تو ان کی محرومیاں ختم ہو جائیں گی اور ملک بھی خوشحال ہو جائے گا۔سراج الحق نے کہا افسوس ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی میں انہوں نے کردار ادا کیا جن سے قوم کو بڑی توقعات ہیں۔ اب دیت کے پیسے کی بھی انکوائری ہونی چاہیے کہ کس کو کتنا پیسا ملا۔
سراج الحق نے کہا امریکہ نے سید صلاح الدین کو نہیں تمام کشمیری رہنماؤں کو دہشت گرد قرار دیا جبکہ بھارت ہمارے دریاؤں کو خشک کر کے پاکستان کو بنجر اور ریگستان بنانا چاہتا ہے۔ کشمیر کاز کے ساتھ غداری پاکستان کے ساتھ غداری ہے اور کشمیریوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں