نئی دہلی : یونین منسٹر آف سٹیٹ فار سوشل جسٹس اینڈ ایمپاورمنٹ رام داس اتاﺅلے نے الزام عائد کیا ہے کہ ویرات کوہلی اور یووراج سنگھ نے چیمپینز ٹرافی میں پاکستان کیساتھ فائنل میچ فکس کیا۔
یونین منسٹر آف سٹیٹ فار سوشل جسٹس اینڈ ایمپاورمنٹ رام داس اتاﺅلے نے چیمپنز ٹرافی کے فائنل میچ سے متعلق اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے ویرات کوہلی، یووراج سنگھ اور ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں پرمیچ فکسنگ کا الزام عائد کیا۔ مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے رہنماءرام داس سے ناگپور میں صحافیوں نے سوال کیا کہ ” کیسے وہ کھلاڑی، جو پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کھیلے، فائنل میچ میں ناکام ہو گئے؟“
انہوں نے ویرات کوہلی اور یووراج سنگھ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں نے میچ جیتنے کیلئے کوئی ارادہ ظاہر نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا ”پاکستان کیخلاف میچ میں، ویرات کوہلی جیسا کھلاڑی، جو اکثر سنچری کرتا ہے جبکہ یووراج سنگھ جیسا بلے باز، جس نے ماضی میں بہت سے رنز کئے ہیں، دونوں کو دیکھ کر ایسا لگ رہا تھا کہ یہ میچ ہارنے کیلئے کھیل رہے ہیں۔ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میچ فکس تھا اور ہم اس کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔“
رام داس اتاﺅلے نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ ویرات کوہلی اور انیل کمبلے جو اپنے اپنے کام کیلئے بہت ہی اچھی فارم میں تھے، اتنے بڑے میچ میں کیسے ناکام ہو سکتے ہیں؟ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے ہاتھوں شکست کو بھارت کی بہت بڑی بے عزتی کی طرح دیکھتے ہیں.