وزیراعظم کے عزیز طارق شفیع دوسری بار جے آئی ٹی کے روبرو پیش

وزیراعظم کے عزیز طارق شفیع دوسری بار جے آئی ٹی کے روبرو پیش

اسلام آباد: پاناما کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے روبرو وزیراعظم کے قریبی عزیز طارق شفیع آج دوسری بار پیش ہو گئے جن کیلئے سوالنامہ بھی تیار کر لیا گیا ہے جبکہ جےآئی ٹی کے پاس اپنی رپورٹ مکمل کرنے کیلئے 8 دن باقی رہ گئے ہیں۔

طارق شفیع وزیر مملک پانی و بجلی عابد شیر علی کے ہمراہ جوڈیشل اکیڈمی پہنچے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظام کئے گئے تھے اور اطراف کی سڑکوں کو عام لوگوں کی آمد و رفت کیلئے بند کر دیا گیا۔

طارق شفیع کو دوسری بار طلب کیا گیا ہے وہ اس سے قبل 15 مئی کو اپنا بیان ریکارڈ کرا چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طارق شفیع سے حدیبیہ پیپرز ملز اور 90 کی دہائی میں ہونے والے کاروباری معاملات پر پوچھ گچھ کی جائے گی۔

ادھر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے 25 جون کو سمن جاری کرتے ہوئے حسن نواز کو 3 جولائی اور حسین نواز کو 4 جولائی کو پیش ہونے کا کہا ہے جبکہ مریم نواز کی پانچ جولائی کو پیشی ہو گی۔ حسین نواز کی یہ چھٹی اور حسن کی تیسری پیشی ہو گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں