آپ کی فیس بک پروفائل پکچر اب کوئی اور استعمال نہیں کر سکے گا

11:32 AM, 2 Jul, 2017

اسلام آباد: فیس بک نے ایک ایسا فیچر متعارف کرایا ہے جو صارفین کو یقیناً پسند آئے گا کیونکہ اس سے ان کی پروفائل تصاویر کو کوئی بھی چوری کرکے کسی اور مقصد کے لیے استعمال نہیں کرسکے گا۔

فیس بک نے اعلان کیا ہے کہ اس نے بھارت میں ایک پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد صارفین کی پروفائل تصاویر کو دیگر افراد کی رسائی سے پیش آنے والے خطرے سے تحفظ دینا ہے۔ اس فیچر کو فوٹو گارڈ کا نام دیا گیا ہے جس میں کئی طرح کے حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس فیچر میں کوئی بھی شخص کسی صارف کی پروفائل کو ڈاﺅن لوڈ یا دیگر سے شیئر نہیں کرسکے گا۔ اسی طرح دیگر صارفین کسی پروفائل تصاویر کو دیگر افراد کو ٹیگ نہیں کرسکیں گے، جبکہ کسی بھی پروفائل فوٹو کا اسکرین شاٹ بھی نہیں لیا جاسکے گا۔ اس فیچر میں صارف کی پروفائل میں ایک نیلے رنگ کا بارڈراور تصویر کے گرد ایک ڈھال سی بنی آئے گی جو اسے تحفظ کا عندیہ دے گی۔

فیس بک کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک میں خواتین اس سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تصویر شیئر کرنے سے گھبراتی ہیں کیونکہ انہیں ڈر ہوتا ہے کہ اسے کسی غلط مقصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔ فیس بک کے مطابق اکثر ویب سائٹس سوشل نیٹ ورکس کے تصاویر چرالیتی ہیں۔ فیس بک کے مطابق چونکہ ایسا ہر کسی کے ساتھ کہیں بھی ہوسکتا ہے لہذا اس فیچر کو جلد دنیا بھر میں متعارف کرایا جائے گا۔ فیس بک کے مطابق توقع ہے کہ اسے جلد دیگر ممالک تک توسیع دی جائے گی جس میں بھارت میں ہونے والے تجربے کو مدنظر رکھ کر مزید تبدیلیاں بھی کی جائیں گی۔ اور یہ فیس بک فیچر واقعی صارفین کے لیے مددگار ثابت ہوگا اور کم از کم ان کی پروفائل تصاویر کوئی بھی چوری کرکے غلط مقاصد کے لیے استعمال نہیں کرسکے گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

مزیدخبریں