ہری پور: ذرائع کے مطابق ایوب خاندان نے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا۔ عمران خان 8 جولائی کو ہری پور جائیں گے جہاں پر مشرف دور میں وزیر رہنے والے سابق وزیر خارجہ گوہر ایوب خان اور سابق وزیر خزانہ عمر ایوب خان مسلم لیگ ن کو خیر باد کہہ کر باضابطہ طور پر عمران خان کے قافلے میں شامل ہو جائیں گے۔
ایوب خاندان کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ مشرف دور میں مسلم لیگ سے بے وفائی کرنے والے سابق وزیر خارجہ گوہر ایوب اور ان کے فرزند عمر ایوب خان مشرف دور میں بھی اپنے حلقہ این اے 19 کے لیے کوئی بھی بڑا میگا پروجیکٹ نہیں لا سکے بعد ازاں مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے اور ہری پور کے حلقہ این اے انیس سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر اپنے سیاسی روایتی حریف اور پی ٹی آئی کے موجودہ مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر راجہ عامر زمان کے خلاف الیکشن لڑا اور شکست کھائی، دھاندلی کے الزامات پر سپریم کورٹ سے رجوع کیا جس پر سپریم کورٹ نے حلقہ این اے انیس سے دوبارہ الیکشن کے احکامات جاری کیے تھے۔
ضمنی انتخابات میں بھی پارٹی نے عمر ایوب خان کو نظر انداز کر کے ایک نوجوان بابر نواز خان کو ٹکٹ دے دیا۔ عمران خان اور ان کی سابق اہلیہ ریحام خان کی الیکشن مہم میں حصہ لینے کے باوجود بھی پی ٹی آئی کے امیدوار ڈاکٹر راجہ عامر زمان پچاس ہزار ووٹوں سے شکست کھا گئے اور مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر الیکشن جیتنے والے بابر نواز خان بھاری اکثریت کے ساتھ اسمبلی میں کم عمر ترین رکن قومی اسمبلی بن گئے تھے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں