کراچی: معروف اداکارہ نیلم منیر کی شادی کی تقریبات کا باضابطہ آغاز ہو چکا ہے، جس کی تصدیق خود اداکارہ نے اپنے سوشل میڈیا پر کی۔ نیلم منیر نے مایوں کی تقریب کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئیں۔
2 جنوری کی شام اداکارہ نے اپنی مایوں کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں، جن میں انہیں روایتی پیلے رنگ کے ملبوسات میں ملبوس دیکھا جا سکتا ہے۔ ان تصاویر میں نیلم منیر کی مسکراہٹ اور خوشی واضح طور پر نظر آ رہی ہے، جو ان کی شادی کی تقریبات کا خوشگوار آغاز بتاتی ہیں۔
اس سے پہلے چند ہفتوں سے یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ نیلم منیر 2024 کے آخر تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں نیلم منیر نے کہا تھا کہ ان کی شادی کا کوئی فوری منصوبہ نہیں ہے، لیکن اب شادی کی تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔
نیلم منیر کے بارے میں یہ خبریں بھی تھیں کہ ان کی شادی کی مرکزی تقریبات دبئی میں ہوں گی، تاہم انہوں نے مایوں کی تقریب کا فوٹوشوٹ کراچی میں ہی کروایا ہے۔ ابھی تک ان کے شریک حیات کے بارے میں کوئی معلومات منظرِ عام پر نہیں آئی ہیں، جس سے مداحوں کی دلچسپی اور تجسس مزید بڑھ گیا ہے۔
نیلم منیر کی شادی کی تقریبات نے ان کے مداحوں کو خوشی کی ایک نئی لہر دی ہے، اور ان کی زندگی کے اس نئے مرحلے میں ہر طرف محبتوں اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔