2025 پاکستان کی معیشت کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا: وزیر اعظم شہباز شریف

2025 پاکستان کی معیشت کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا: وزیر اعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ 2025 پاکستان کی معیشت کے لیے ایک اہم سال ثابت ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک کی معیشت میں بہتری آ رہی ہے اور حکومت کی کوششوں سے سیاسی استحکام کے ساتھ معاشی استحکام کی راہ ہموار ہو رہی ہے، جو پاکستان کے ترقی کے سفر میں ایک نیا موڑ ثابت ہو گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے یہ بات خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 9 ماہ میں حکومت نے اندرونی و بیرونی چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کیا، اور ان مشکلات کے باوجود معیشت میں استحکام آیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس عرصے میں معاشی اشاریوں میں بہتری نظر آئی ہے، جو کہ پاکستان کی معاشی ترقی کی طرف قدم بڑھانے کا اشارہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا   2024 میں ہماری حکومت کے دوران مہنگائی میں ساڑھے 6 سال کی سب سے بڑی کمی آئی، شرح سود میں کمی کی گئی، اور ترسیلات زر میں 34 فیصد اضافہ ہوا۔ ملکی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ہوا، اور زرمبادلہ کے ذخائر 4 ارب ڈالر سے بڑھ کر 12 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔"

وزیر اعظم نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ اسٹاک مارکیٹ کی کارکردگی اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ معیشت میں بہتری آ رہی ہے، اور اس کی بلند ترین سطح پر پہنچنا ایک مثبت تبدیلی کا غماز ہے۔

وزیر اعظم نے وفاقی وزرا، آرمی چیف، وزرائے اعلیٰ سمیت تمام شرکاء کو نئے سال کی مبارکباد دی اور کہا کہ "ہم سب کا مشترکہ مقصد پاکستان کی معیشت کو مزید مستحکم کرنا ہے تاکہ آئندہ برسوں میں معاشی اشاریوں میں مزید بہتری لائی جا سکے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ "معاشی ترقی کا یہ سفر ہمیں داخلی چیلنجز کے باوجود جاری رکھنا ہوگا اور عالمی سطح پر پاکستان کی پوزیشن کو مستحکم کرنا ہوگا۔" وزیر اعظم نے حکومت کے مختلف اقدامات کا تذکرہ کیا جن میں چاول کی برآمدات میں اضافہ، چینی کی سمگلنگ کی روک تھام اور پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ پر قابو پانے کے اقدامات شامل ہیں، جن کی بدولت زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ "وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط کو بڑھانے کا ہمارے پاس ایک سنہری موقع ہے۔ ہم ان روابط کو مستحکم کرنے کے لیے تیزی سے اقدامات کر رہے ہیں تاکہ بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔"

انہوں نے سیاسی استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ "معاشی ترقی کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے، اور ہم اس استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔"

آخر میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا، "ہماری حکومت کا مقصد صرف معیشت کو مستحکم کرنا نہیں، بلکہ پاکستان کو ترقی کے نئے دور میں داخل کرنا ہے۔ ہمیں اس مقصد کے حصول کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا۔"

مصنف کے بارے میں