" کیا ہم سب جھوٹ بول رہے ہیں؟"،شرمیلا فاروقی کی انٹرنیٹ کی سست رفتاری پر حکومت پر کڑی تنقید

اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کی رکن شرمیلا فاروقی نے انٹرنیٹ کی سست رفتاری پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ "چند اجلاس ہو چکے ہیں، لیکن ابھی تک اس اہم مسئلے کا کوئی حل سامنے نہیں آیا۔ یا تو ہم جھوٹ بول رہے ہیں یا پھر حکومت جھوٹ بول رہی ہے۔"

شرمیلا فاروقی نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ہم انٹرنیٹ کی سست رفتار سے ہونے والے نقصان کی بات کر رہے ہیں، مگر حکومت اس نقصان کو نظرانداز کر رہی ہے اور پاشا نمبرز سے معاملہ مسخ کیا جا رہا ہے۔" انہوں نے اپنے شوہر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "میرے شوہر ای کامرس کی کمپنی چلاتے ہیں اور انہیں سست انٹرنیٹ کی وجہ سے کاروباری مشکلات کا سامنا ہے۔ تو کیا ای کامرس والے بھی جھوٹ بول رہے ہیں؟"

انہوں نے حکومت پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا، "کیا عوام اور ہم انٹرنیٹ کی سست رفتاری کے بارے میں جھوٹ بول رہے ہیں؟ جب تحریک انصاف کا احتجاج ہوتا ہے تو فوراً انٹرنیٹ بند کر دیا جاتا ہے۔ کیا ہم سب بے وقوف ہیں؟ ہم یہاں کمیٹی کے اجلاس میں آ کر وقت ضائع کر رہے ہیں، جبکہ حکومت کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے۔"

شرمیلا فاروقی نے مزید کہا، "ہم یہاں صرف گفتگو سننے کے لیے نہیں آئے، کیا کمیٹی میں بیٹھے ممبران کا انٹرنیٹ کام کر رہا ہے؟ میرا واٹس ایپ تک کام نہیں کرتا، نہ وائس نوٹس آتے ہیں نہ جاتے ہیں۔"

آخر میں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ "اگر سکیورٹی مسائل ہیں تو انہیں کھل کر بیان کریں اور اس کا حل نکالیں۔ خدا کے واسطے سچ بولیں، تاکہ عوام کے مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے۔"

مصنف کے بارے میں