لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جب بھی مسلم لیگ ن کی حکومت آتی ہے، کسان کی خوشحالی کے لیے اہم اقدامات کیے جاتے ہیں اور ان کے مسائل حل کیے جاتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کسان پیکیج کے تحت صوبے میں بجلی اور ڈیزل سے چلنے والے زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی (سولر انرجی) پر منتقل کرنے کے منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت پنجاب بھر میں 8 ہزار زرعی ٹیوب ویلز سولر انرجی پر منتقل کیے جائیں گے، اور اس کے لیے حکومت پنجاب 9 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی۔
مریم نواز نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 10 کلو واٹ تک کے زرعی ٹیوب ویلز کے لیے 5 لاکھ روپے، 15 کلو واٹ تک کے لیے 7.5 لاکھ روپے اور 20 کلو واٹ تک کے زرعی ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن کے لیے 10 لاکھ روپے سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ اس سبسڈی سے فائدہ اٹھانے کے لیے کسانوں کو کم از کم ایک ایکڑ زرعی اراضی کا مالک ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زرعی ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن سے کاشتکاروں کو بجلی کے بھاری بلوں سے نجات ملے گی، جو کہ ان کے لیے بڑا فائدہ ہوگا۔ مریم نواز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلم لیگ ن ہمیشہ کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتی ہے اور ان کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے کاشتکار ترقی کے اس سفر میں مکمل طور پر شریک ہوں گے اور ان کی حکومت کسانوں کے لیے ہر ممکنہ سہولت فراہم کرے گی۔