لاہور : پنجاب حکومت نے صوبے میں پہلی بار ای ٹیکسی سکیم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ بیروزگار افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ یہ اعلان صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کیا، جنہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکام کے تحت ای ٹیکسی سکیم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ اس سکیم کے تحت ایسی الیکٹرک گاڑیاں فراہم کی جائیں گی جو قیمت میں مناسب اور معیار میں بہترین ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت تیزی سے جدید اور ماحول دوست (ایکو فرینڈلی) ٹرانسپورٹ کی طرف گامزن ہے۔ بلال اکبر خان نے مزید بتایا کہ ای ٹیکسی سکیم میں الیکٹرک گاڑیاں فراہم کرنے والی کمپنیوں نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا ہے، جس سے اس سکیم کے کامیاب ہونے کی توقعات مزید بڑھ گئی ہیں۔