اسلام آباد : فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی اسلام آباد زون نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ملزم سمیت دو انسانی اسمگلروں کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق، گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت اظہر اقبال اور محمد افضال کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم اظہر اقبال لیبیا کشتی حادثے میں ملوث پایا گیا، جس میں ایک شہری کی جان چلی گئی تھی۔ ایف آئی اے کی تحقیقات کے مطابق، اظہر اقبال سادہ لوح شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے وصول کرتا تھا اور انہیں غیر قانونی طریقے سے یورپ بھجوانے کے لیے لیبیا کی راہ دکھاتا تھا۔ اس دوران ایک شہری کی موت واقع ہو گئی، جو لیبیا سے یورپ جانے والی کشتی حادثے کا شکار ہوا۔
ایف آئی اے نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ کارروائیاں انسانی اسمگلنگ کے خلاف ان کی مسلسل جدوجہد کا حصہ ہیں اور اس نوعیت کے جرائم کے خلاف مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے۔