راولپنڈی : سانحہ 9 مئی 2023ء کے 19 مجرمان کی سزاؤں میں معافی کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ آئی ایس پی آر کےمطابق مجرمان نے قانونی حق استعمال کرتے ہوئے رحم کی پٹیشنز دائر کیں تھیں ، مجموعی طورپر67 مجرمان نے رحم کی پٹیشنز دائر کیں۔
48 پٹیشنز کو قانونی کارروائی کیلئے”کورٹس آف اپیل“ میں نظرثانی کیلئے ارسال کیا گیا ،تاہم 19مجرمان کی پٹیشنز کو خالصتاً انسانی بنیادوں پر قانون کے مطابق منظور کیا گیا ہے ، البتہ رحم کی پٹیشنوں پر عملدرآمد مقررہ مدت میں قانون کے مطابق کیا جائے گا۔
19 مجرمان جن کی سزائیں معاف کی گئی ہیں ان کے نام مندرجہ ذیل ہیں جن میں محمد ایاز ولد صاحبزادہ خان ، لئیق احمد ولد منظور احمد ، امجد علی ولد منظور احمد ،سمیع اللہ ولد میرداد خان ، یاسر نواز ولد امیر نواز خان ، زاہدخان ولد محمد نبی ، محمد سلیمان ولد سِیعد غنی جان ، حمزہ شریف ولد محمد اعظم ، محمد سلمان ولد زاہد نثار ، اشعر بٹ ولد محمد ارشد بٹ ، محمد وقاص ولد ملک محمد خلیل ،سیعد عالم ولد معاذاللہ خان ، سفیان ادریس ولد ادریس احمد ، محمد بلاول ولد منظور حسین ، منیب احمد ولد نوید احمد بٹ ، محمد احمد ولد محمد نذیر ، محمد نواز ولد عبدالصمد ، محمد علی ولد محمد بوٹا ، اور محمد الیاس ولد محمد فضل حلیم شامل ہیں ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سزاؤں کی معافی انصاف کے نظام کی مضبوطی اور رحم و ہمدردی کے اصولوں کے مطابق کی گئی ہے، اور یہ عمل قانون کے مطابق مکمل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل اپریل 2024 میں بھی 20 مجرمان کی رہائی کا حکم انسانی ہمدردی کی بنیاد پر صادر کیا گیا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دیگر تمام مجرمان کے پاس بھی قانونی اپیل کرنے کا حق باقی ہے۔