راولپنڈی : انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے ہیں۔ یہ وارنٹ گرفتاری حسن ابدال میں درج ایک مقدمے کے سلسلے میں جاری کیے گئے تھے۔
علی امین گنڈاپور کے وکیل محمد فیصل ملک نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس میں کہا گیا کہ پشاور ہائی کورٹ نے علی امین گنڈاپور کی تمام مقدمات میں ضمانت منظور کی ہے۔ وکیل نے ہائی کورٹ کا حکم نامہ بھی عدالت میں پیش کیا، جس کے بعد انسداد دہشت گردی عدالت نے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے۔ اس فیصلے کے بعد عدالت نے علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی بھی منسوخ کر دی۔