لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہمیشہ کسانوں کی خوشحالی کے لیے کام کرتی ہے اور اس بار بھی ہم اپنے وعدے کو پورا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بھی ن لیگ حکومت میں آتی ہے، کسان خوشحال ہوتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کسان پیکیج کے تحت صوبہ پنجاب میں بجلی اور ڈیزل سے چلنے والے زرعی ٹیوب ویلز کو سولر توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت پنجاب بھر میں 8 ہزار زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا، جس سے کسانوں کو توانائی کے اخراجات میں کمی آئے گی۔ اس منصوبے کی تکمیل کے لیے پنجاب حکومت 9 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ 10 کلو واٹ تک زرعی ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن کے لیے 5 لاکھ روپے، 15 کلو واٹ تک 7 لاکھ 50 ہزار روپے اور 20 کلو واٹ تک 10 لاکھ روپے سبسڈی دی جائے گی۔ اس منصوبے کے تحت کم از کم ایک ایکڑ زرعی اراضی کے مالکان اس سہولت کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ زرعی ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن سے کسانوں کو بجلی کے بھاری بلوں سے نجات ملے گی، اور وہ اپنی زمینوں کو زیادہ بہتر اور سستے طریقے سے آباد کر سکیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہمیشہ کاشتکاروں کے مفاد میں اقدامات کرتی آئی ہے اور آئندہ بھی ایسا ہی رہے گا۔