کراچی : پاکستانی اداکارہ سلمیٰ ظفر عاصم نے حال ہی میں ایک نجی پوڈکاسٹ میں اپنی ذاتی زندگی کے کچھ اہم پہلوؤں پر گفتگو کی اور انکشاف کیا کہ انھوں نے اپنے شوہر عاصم کو دوسری شادی کی اجازت خود دی تھی۔
اداکارہ سلمیٰ ظفر نے بتایا کہ ان کی شادی 18 سال سے بھی پہلے ہوئی تھی، اور اس دوران انھوں نے اپنے شوہر کی دوسری شادی کے فیصلے کے حوالے سے تفصیل سے بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب شوہر کی دوستیوں کے قصے ان تک پہنچے تو ابتدائی تین ماہ بہت مشکل گزارے، مگر پھر انھوں نے اپنے سسر سے بات کی اور اس بات پر غور کیا کہ شوہر کی دوسری شادی ایک حل ہو سکتا ہے۔
سلمیٰ ظفر نے مزید کہا کہ انھوں نے اپنے شوہر عاصم سے کہا کہ اگر وہ دوسری لڑکیوں سے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں تو بہتر ہوگا کہ وہ نکاح کر لیں۔ اداکارہ نے بچوں کو بھی اس فیصلے کے لیے منایا اور بتایا کہ انھوں نے بچوں سے کہا کہ اگر وہ اپنے والد کو قبر میں دفن نہیں دیکھنا چاہتے تو انھیں دوسری شادی کے لیے راضی ہو جانا چاہیے۔ اس کے بعد ان کے بیٹے نے کہا کہ اگر وہ عاصم کی شادی کے بعد نہ روئیں تو وہ اس فیصلے پر راضی ہیں۔
سلمیٰ ظفر کے مطابق، اس کے بعد انھوں نے اپنے سوتیلے بیٹے کو بھی اپنا بیٹا سمجھ کر پیار دیا اور آج ان کے پاس تین نہیں، بلکہ چار بچے ہیں، جن میں سگے بہن بھائیوں جیسی محبت ہے۔ اداکارہ نے اپنی ساس کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ گھر کے معاملات کو بہتر طور پر چلانے میں ان کی ساس نے ان کی رہنمائی کی۔ انھوں نے اپنی کامیابی کا کریڈٹ اپنی ساس کو دیا، جنہوں نے ان کی زندگی میں اہم کردار ادا کیا۔