لاہور : پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید دھند کی وجہ سے موٹروے کی کئی اہم شاہراہیں بند کر دی گئی ہیں۔ لاہور سے کوٹ مومن تک موٹر وے ایم 2، عبدالحکیم تک ایم 3، فیصل آباد سے شور کوٹ تک ایم 4، رحیم یار خان سے گھوٹکی تک ایم 5 اور لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 کو دھند کے باعث بند کیا گیا ہے۔
موٹروے حکام نے کہا ہے کہ دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہیں۔ ڈرائیوروں کو فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ترجمان موٹروے کا کہنا تھا کہ یہ بندش عوام کی حفاظت کے لیے کی جا رہی ہے کیونکہ دھند میں لین کی خلاف ورزی حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔ روڈ یوزرز کو دھند میں لین ڈسپلن کو یقینی بنانے کی درخواست کی گئی ہے تاکہ محفوظ سفر ممکن ہو سکے۔موٹروے پولیس نے ڈرائیوروں سے مزید درخواست کی ہے کہ وہ تیز رفتاری سے گریز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا مدد کے لیے عوام ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔