لاہور : مغربی ہواؤں کے اثرات سے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 9 اور زیادہ سے زیادہ 17 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ شہر میں ہوا کی رفتار 6 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج سے 6 جنوری تک لاہور اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ اس دوران لاہور میں فضائی آلودگی کی سطح بھی بلند رہی، اور شہر میں سموگ کی اوسط شرح 216 ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے لاہور پاکستان میں تیسرا آلودہ ترین شہر بن چکا ہے۔
ادھر اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے۔ شمالی اور مغربی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا میں رات کے دوران درمیانی سے شدید بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح و رات کے اوقات میں شدید دُھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جبکہ راولپنڈی، اٹک، جہلم میں بارش اور مری گلیات میں ہلکی بارش کے ساتھ برفباری بھی متوقع ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔