اسلام آباد: حکومت نے کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے پر عازمین حج کی ویکسی نیشن کا فیصلہ کرلیا ہے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں کہیں بھی عالمی وباء کورونا کی نئی قسم جے این ون کے نئے کیس سامنے نہیں آئے، پاکستان میں ابھی کوویڈ 19 کے کیسز کی شرح ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ تاہم عازمین حج کی ویکسینیشن کی جائے گی۔
کورونا کے نئے ویرینٹ کے خدشے کے پیش نظر پاکستان کو امریکا سے فائزر کی نئی کوویڈ 19 کی ویکسین جلد ملنے کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق وفاقی حکام کاکہنا ہے کہ امریکا سے کوویڈ ویکسین کی 2 لاکھ ڈوزز کی آمد چند دنوں میں متوقع ہے، نئی فائزر کوویڈ ویکسین کی مزید 3 لاکھ ڈوزز بھی اسی مہینے مل جائیں گی۔
واضح رہے کہ بھارت میں کورونا کی نئے قسم جے این ون ویرینٹ کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ وہاں نئی قسم سے اموات بھی رپورٹ ہو چکی ہیں۔ بھارت کے ساتھ کویت اور مصر نے بھی کورونا کے نئے ویرینٹ کی ملک میں ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ کویت اور مصر کی وزارت صحت کے مطابق کورونا کے نئے ویرینٹ کے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، کورونا کے نئے ویرینٹ جے این ون کے متعدد کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب واضح رہےکہ سرکاری اسکیم کے تحت اسپانسرشپ اسکیم کے لئے دوسری مرتبہ تاریخ میں توسیع بھی ٹارگٹ حاصل نہ کرسکی۔
تفصیلات کے مطابق اسپانسرشپ اسکیم کی 25ہزار درخواستوں میں سے 3 ہزار 640حج درخواستیں ہی جمع ہوسکیں جبکہ اسپانسر شپ اسکیم کی 21 ہزار 360 حج درخواستیں اب بھی کم ہیں۔
ریگولر اسکیم کے قرعہ اندازی میں ناکام رہنے والے 5 ہزار 633 درخواست گزاروں کو اسپانسرشپ کوٹہ میں شامل کرنے کی تیاریاں کردی گئی ہیں جبکہ حج کوٹے میں15 ہزار 727 سعودی عرب کو واپس کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔