لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءفرخ حبیب نے کہا ہے کہ معیشت پر کل وائٹ پیپرجاری کرنے جا رہے ہیں، حکومت نے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس کر رکھ دیا ہے اور آج ملک میں صنعتیں بند اور مزدور بےروزگار ہورہے ہیں، انہیں این آر او ٹو مل رہا ہے اور ظلم عوام کے ساتھ ہو رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی پر متنازعہ ٹویٹ پر مقدمہ بنا،ایک ماہ سے جیل میں رکھا گیا اور ان پر ایک درجن سے زائد مقدمات درج کئے گئے، اعظم سواتی پر حکومت نے بدترین مظالم کی مثال قائم کر دی، ان ساتھ اگر ایسا سلوک ہو رہا ہے تو عام آدمی کے ساتھ کیسا سلوک ہوتا ہو گا؟ ضمانت کا فیصلہ آچکا،اعظم سواتی کی رہائی کو آج ہی ممکن بنایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی ناکام پالیسیوں اور ان کی نااہلی برداشت کررہا ہے جبکہ حکومت کے پاس مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے کسی قسم کا کوئی منصوبہ موجود نہیں، ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز موجود ہی نہیں، آٹا، گھی، سبزیاں، چکن اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 35فیصد اضافہ ہو چکا ہے مگر حکومت عمران خان کو تکنیکی بنیادوں پر نااہل کرانے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ہو چکا ہے، معیشت پر کل وائٹ پیپرجاری کرنے جارہے ہیں، ملک آج ڈیفالٹ ہونے کے قریب پہنچ گیا ہے، حکومت نے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس کر رکھ دیا، آج ملک میں صنعتیں بند اور مزدور بےروزگار ہو رہے ہیں جبکہ اسحاق ڈارمہنگائی کو کم دکھانے کی کوشش کرتے رہے ہیں، انہیں این آر او ٹو مل رہا ہے،ظلم عوام کے ساتھ ہو رہا ہے۔
عوام مہنگائی کی چکی میں پس گئی، معیشت پر کل وائٹ پیپر جاری کریں گے: فرخ حبیب
08:09 PM, 2 Jan, 2023