حیدرآباد،ٹھٹہ : امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں اندھیر نگری چوپٹ راج اور تباہی کے ذمہ دار پی پی مسلم لیگ پی ٹی آئی اور کرپٹ جرنیل ہیں ۔ 75 سال سے ملک پر مسلط امریکی ایجنٹ ضمیر و دختر فروش قیادت کی لوٹ مار کی وجہ سے معاشی و سیاسی بحران ہے اور قوم کا بچہ بچہ مقروض ہے.
حیدر آباد میں ورکرز کنونشن اور ٹھٹہ میں جلسے سے خطاب کرتے سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 31 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے کے فیصلے پر عمل درآمد نہ کرکے توہین عدالت کی ہے۔ ماضی میں حیدرآباد ایشیا کا ایک بہترین شہر تھا مگر پی پی اور ایم کیو ایم نے باری باری لوٹ مار کرکے شہر کو تباہ کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام آئندہ بلدیاتی انتخابات کو ان کا یوم حساب بنادیں ۔لسانی سیاست نے کراچی وحیدرآباد میں خون خرابے کے سوا کچھ نہیں دیا، بلدیاتی الیکشن انتہائی اہم ہیں۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کا منشور خود عیاشیاں اور عوام کی زندگی کو اجیرن بنانا ہے۔ جماعت اسلامی پاکستانی عوام کی محرومیوں کی ذمہ دار 14 حکمران پارٹیوں کے تعاقب میں ہے،عوام آٹا کے حصول کے لیے دربدر پھر رہے ہیں۔