لاہور: ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے سٹار فٹ بالر اور فرانسیسی فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمن (پی ایس جی) کے لیونل میسی کلب کے 2 ساتھیوں سمیت کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی کلب کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ارجنٹائن کے لیونل میسی، بیک اپ گول کیپر سرگیو ریکو اور مڈفیلڈر نیتھن بٹومزالااور ڈیفینڈر جوان بیرنٹ کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد تینوں کھلاڑیوں کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ میسی بارسیلونا کو خیرباد کہہ کر اگست میں فرانسیسی کلب پی ایس جی کا حصہ بن گئے تھے تاہم ان کی کارکردگی متاثرکن نہیں رہی ہے اور وہ اب تک گروپ کی جانب سے 16 میچز کھیل کر صرف 6 گول ہی کر سکے ہیں۔
دوسری جانب فرانس میں کورونا وائرس کی صورتحال کی بات کی جائے تو گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 لاکھ 19 ہزار 126 کیسز رپورٹ ہوئے تھے اور یہ مسلسل چوتھا دن ہے جب فرانس میں یومیہ 2 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔