اسلام آباد : وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی اسد عمر نے پاکستان میں کورونا وبا کی نئی لہر آنے کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔ْ
تفصیلات کے مطابق اسد عمر نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ کورونا وبا کی ایک اور نئی لہر کے آثار نمایاں ہیں جس کی توقع پچھلے چند ہفتوں سے کی جارہی تھی۔انہوں نے شہریوں کو ماسک کے استعمال کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ یاد رکھیں، ماسک کا استعمال کورونا کیخلاف سب سے بہترین تحفظ ہے۔
https://twitter.com/Asad_Umar/status/1477512932141510658?s=20
خیال رہے کہ ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں بھی ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جو کہ 1.30 تک پہنچ چکا ہے جبکہ اموات میں بھی گزشتہ 2 دنوں میں اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب دنیا بھر میں پھیلاؤ تیز ہونے کے بعد پاکستان کے بڑے شہروں میں بھی کورونا کے نئے ویرینٹ اومی کرون کے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد طبی ماہرین شہریوں سے جلد از جلد ویکسی نیشن کا عمل مکمل کروانے کی تاکید کر رہے ہیں تاکہ اومی کرون کے خطرناک پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
این سی او سی نے بھی اومی کرون وائرس کے دنیا بھر میں تیزی سے ہونے والے پھیلاؤ کے مدنظر شہریوں کو پیغام دیا کہ اومی کرون کے باعث دنیا بھر میں کورونا کی نئی لہر کا سامنا ہے ۔ جس کے خلاف واحد دفاع مکمل ویکسینیشن ہی ہے۔ اپنی ویکسینیشن جلد از جلد مکمل کروائیں اور کرونا کے خلاف جنگ میں حکومت کا ساتھ دیں۔