لاہور: ملک میں دھند اور سردی کے باعث ٹرینوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہونے سے مسافر پریشان ہو گئے ہیں ، متعدد ٹرینیں کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی اور لاہور کے درمیان چلنے والی پاک بزنس ایکسپریس 4 گھنٹے 30 منٹ تاخیر کا شکار ہے جبکہ کراچی اور سیالکوٹ کے درمیان چلنے والی علامہ اقبال ایکسپریس4 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے ۔
دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کے باعث موٹر وے ایم ٹو اور تھری ٹریفک کیلئے بند رہی ۔ دھند کی وجہ سے فضائی مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا رہا ۔ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر دھند کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہوا ، بیرون اور اندرون ملک کیلئے آنے جانے والی 10 پروازیں منسوخ جبکہ 9 تاخیر کا شکار ہوئیں ہیں ۔ پی آئی اے کی دبئی اور مسقط جانے والی پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں ۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک میں پیر سے شدید سردی کی پیشگوئی کر دی ہے ۔ ملک کے مختلف علاقوں میں مزید برفباری اور بارش سے کڑاکے کی سردی پڑے گی ۔ جبکہ پنجاب کے میدانی اور سندھ کے بالائی علاقے دھند کی لپیٹ میں رہیں گے ۔