لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ صحت کارڈ کیلئے ایپ بنا دی گئی ہے جس کے ذریعے تمام معلومات حاصل کی جا سکتی ہے، رواں سال محکمہ صحت پنجاب میں 25 ہزار نئی ملازمتوں کی بھی نوید سنا دی۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحت کارڈ صرف اس شخص کو ملے گا جس کے پاس شناختی کارڈ ہو گا، اگر کسی کا شناختی کارڈ نہیں بنا تو لازمی شناختی کارڈ بنوا لیں جبکہ جس کے بچے ہیں وہ بچوں کا لازمی بے فارم بنوا لیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ لوگوں کی سہولت کیلئے صحت کارڈ ایپ بھی بنائی ہے،اس ایپ کے ذریعے تمام معلومات مل سکیں گی۔ ایپ کا نام نیا پاکستان قومی صحت کارڈ ہے جبکہ ہیلپ لائن سے بھی فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے اور ہر ضلع کیلئے خصوصی ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیا ہے جہاں سے ہیلتھ کارڈ سے متعلق معلومات مل سکیں گی۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ فیملی کے ہر شخص کیلئے ہو گا ، کارڈ گھر کے سربراہ کو ملے گا ہر بندے کو نہیں ملے گا،مریض کے داخل ہونے کے بعد صحت کارڈ کی سہولت ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ لاہور کے 133 اسپتالوں کو صحت کارڈ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر صحت نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ اس سال محکمہ صحت 25 ہزار نئی ملازمتوں کا اعلان کرے گا۔
انسداد پولیو مہم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ گزشتہ برس پولیو کا ایک کیس بھی سامنے نہیں آیا، بہت جلد پاکستان پولیو فری ممالک کی فہرست میں شامل ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 4 کروڑ 80 لاکھ بچوں کو ویکسین دی گئی ہے۔