اسلام آباد: ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ملک کے مختلف علاقوں میں پیر سے مزید برفباری اور بارش کی پیشگوئی کیساتھ سردی کی نئی لہر شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بلوچستان، پنجاب ، بالائی خیبرپختونخوا ، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں مزید برفباری اور بارش سے کڑاکے کی سردی پڑنے کا امکان ہے۔جبکہ پنجاب کے میدانی اور سندھ کے بالائی علاقے دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کم ہونے سےسرد ی کی شدت میں اضافہ ہوا۔
خیال رہے کہ بالائی علاقوں میں برفباری سے ملک بھر میں سردی کی شدید لہربرقرار ہے ،غذر میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ،ہنزہ کے پہاڑی علاقوں میں سال نو کی پہلی برفباری ،لوئر اور اپر دیر سمیت کوئٹہ اور زیارت میں آسمان سے روئے کے گالے گرنے کے بعد سردی کی شدت بڑھ گئی، لہہ سرد ترین مقام رہا جہاں درجہ حرارت منفی 13ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔
دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کے باعث موٹر وے ایم ٹو اور تھری ٹریفک کیلئے بند رہی۔
دھند کی وجہ سے فضائی مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا رہا ۔ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر دھند کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہوا،بیرون اور اندرون ملک کیلئے آنے جانے والی 10 پروازیں منسوخ جبکہ 9 تاخیر کا شکار ہوئیں ہیں۔ پی آئی اے کی دبئی اور مسقط جانے والی پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں ۔