لاہور :تعلیمی اداروں کو کھولنے سے متعلق اب تک کی سب سے بڑی خبر آگئی ،4جنوری کو پیش کی جانے والی تجاویز سامنے آ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق چار جنوری کو تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق اہم تجاویز سامنے آ گئیں جس کے مطابق پہلے مرحلے میں 25 جنوری سے پرائمری سکولز ،4 فروری سے مڈل تا انٹرمیڈیٹ کی کلاسز اور تیسرے مرحلے میں 15 فروری سے یونیورسٹیاں کھولنے کی تجاویز دی گئیں۔
عالمی وبا کے پیش نظر 10 جنوری تک حکومت کی طرف سے تمام تعلیمی اداروں کوبند کرنے کا حکم دیا گیا تھا جس کے سلسلے میں 4 جنوری کو اہم اجلاس میں آئندہ سکول کھولنے یا نہ کھولنے سے متعلق اہم اعلانات کیے جائینگے ۔
تجاویز کے مطابق بورڈز کے امتحانات مئی کے آخر میں یا جون کے پہلے ہفتے سے شروع کروانے کی تجاویز بھی دی گئی ہیں اور تعلیمی اداروں کو کھولنے سے متعلق تجاویز کا ایجنڈا وزرائے تعلیم کانفرنس میں شامل کیا جائیگا ۔
واضح رہے شفقت محمود کا کہنا تھا کہ اگر 11 جنوری سے قبل حالات بہتر رہے تو یقینی طور پر 4 جنوری کے اجلاس میں تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کر دیا جائے گا ،وفاقی حکومت نے 26 نومبر سے 24 دسمبر تک ہوم لرننگ کا پروگرام کرنے کا اعلان کیا تھا اور تمام تعلیمی ادارے بند کروا دئیے گئے تھے جبکہ 25 دسمبر سے 10جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا ۔عالمی وبا کے خطرات کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت کی طرف سے 4 جنوری کو اہم اجلاس ہو گا جس میں آئندہ 11جنوری کو تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق اہم اعلان کیا جائیگا ۔
بشکریہ(نئی بات)