نیویارک : نریندر مودی سرکار میں بھارتی ناکامیوں کی طویل فہرست میں لداخ میں شکست بھی شامل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی جریدے فارن پالیسی میگزین نے لکھا ہے کہ بھارت لداخ میں چین کے ہاتھوں پسپا ہوا۔ جبکہ بھارت چینی فوج کو پیچھے دھکیلنے میں ناکام رہا۔
امریکی جریدے فارن پالیسی میگزین نے بھارتی میڈیا اور کتابوں میں سورما دکھائی جانے والی بھارتی فوج کی ناکامیوں سے پردہ ہٹا دیا۔جریدے کے مطابق چار گنا بڑے دفاعی بجٹ اور چھ گنا بڑی معیشت والے چین کےساتھ معاشی طور پر غیر مستحکم بھارت محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا ،اور نہ ہی کوئی طویل جنگ لڑنے کے قابل ہے۔
فارن پالیسی میگزین نے مزید لکھا بھارت کی جانب سے معاشی پابندیاں چین کیلئے کوئی معنی نہیں رکھتیں ہیں چین کے ساتھ جنگ سے بھارت کو اپنے مختارانہ خارجہ پالیسی سے ہاتھ دھونا پڑسکتا ہے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ مئی ، لداخ میں سرحدی دراندازی کرکےاشتعال انگیزی کے نتیجے میں 20 بھارتی فوجی مارے گئے۔ جس کے بعد لداخ کے علاقے میں ماحول کافی گرم ہوگیا تھا۔
یہاں تک کہ سوشل میڈیا پر وادی گلوان کے بارے میں بھی کہاگیا کہ اس کے اہم ترین علاقے پینگونگ جھیل جس کی شہرت عامر خان کی تھری ایڈیٹس فلم تھی ، وہ اب چین کے قبضے میں آچکی ہے.
یہ دعویٰ چین کی ایک سیاحتی کمپنی نے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر ریلیز کرکے کیا تھا ، تاہم چین کی جانب سے اس کے بارے میں کوئی تصدیق نہیں کی گئی ،
جبکہ چین نے علاقے کی اہم ترین پہاڑی چوٹیوں پر اپنی پوزیشنیں مضبوط کر لی تھیں ۔