اسلام آباد: چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ایک سال میں 46 ہزار سے زائد شکایات کو قانون کے مطابق نمٹایا گیا۔ میگا کرپشن کیسز کو منظقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق ، اسلام آباد میں چیئرمین نیب جاوید اقبال کے زیر صدارت اجلاس میں نیب کی 2019ء کی مجموعی کارکردگی پر غور کیا گیا۔ ڈی جی آپریشنز نے بتایا کہ گزشتہ سال 51591 شکایات موصول ہوئیں۔ نیب نے ان میں سے 46123 شکایات کو قانون کے مطابق نمٹایا جبکہ بدعنوان عناصر سے 150 ارب روپے برآمد کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائے گئے۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ نیب نے سال 2019ء میں 574 کرپشن کیسز پر انکوائری کی منظوری دی۔ سال 2019ء میں 859 انکوائریوں پر باقاعدہ تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ گزشتہ سال 206 کرپشن کیسز پر باقاعدہ ریفرنسز دائر کیے گئے تھے۔ چیئرمین نیب کی قیادت میں 178 ارب روپے برآمد کرکے 600 ریفرنسز دائر کیے۔
چیئرمین نیب نے اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ جن مقدمات پر حکم امتناعی ہے، ان کی جلد سماعت کے لیے درخواستیں دائر کی جائیں۔ میگا کرپشن کیسز کو منطفی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب کی گزشتہ سال کارکردگی مجموعی طور پر قابل تعریف ہے۔ نیب کی مجموعی طور پر احتساب عدالتوں میں بدعنوان عناصر کو سزا دلانے کی شرح تقریباً 70 فیصد ہے، اسے مزید بہتر بنایا جائے گا۔