لاہور: سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوٹ کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم پر بھارت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت کو میں نہ مانوں کی ضد چھوڑنا ہو گی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر انسانی حقوق کے حوالے سے المیہ بن چکا ہے۔ بھارت کو سیاست اور حدود سے ہٹ کر انسانیت کے لیے سوچنا ہو گا اور ظلم جب حد سے بڑھ جاتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔
گزشتہ روز بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے روایت برقرار رکھتے ہوئے پاکستان مخالف بیان دیا تھا۔ انہوں نے پاکستان پر زبانی حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ایک لڑائی سے پاکستان سدھر جائے گا یہ سوچنا بہت بڑی غلطی ہو گی۔ پاکستان کو سدھارنے میں ابھی اور وقت لگے گا۔‘
واضح رہے گزشتہ سال مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے مظالم سے 375 کشمیری شہید ہوگئے تھے۔