کراچی: پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو کاروباری حصص میں تیزی کا رجحان رہا، شیئرز کی خرید و فروخت میں 11 کروڑ 11 لاکھ سے زائد کی تیزی رہی جبکہ تجارتی حجم میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔کاروبار میں تیزی کے سبب مارکیٹ سرمایہ میں 1 کھرب 42 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو پی ایس ایکس میں تیزی کا رجحان رہا اور کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی کا رجحان دیکھا گیا مقامی انسٹی ٹیوشنز اور بروکریج ہائوسز نے توانائی، اسٹیل،سیمنٹ اور بینکنگ سیکٹرز میں خریداری میں دلچسپی لی۔کے ایس ای 100 انڈیکس 40800، 40900، 41000، 41100، 41200، 41300 اور 41400 پوائنٹس کی سات بالائی نفسیاتی حدیں عبور کرتے ہوئے 775.83 پوائنٹس کے اضافے سے 41486.87 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس بھی 435.25 پوائنٹس کی تیزی سے 20804.48 پوائنٹس پر بند ہوا۔
اسی طرح مارکیٹ میں اتار چڑھائو کے بعد کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں 494.16 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 1411.47 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔مارکیٹ میں مجموعی طور پر 381 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 235 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 124 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں مندی اور 22 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
کاروبار میں ہونے والی تیزی کے سبب مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 1 کھرب 42 ارب 44 کروڑ 23 لاکھ 33 ہزار 833 روپے بڑھ کر 87 کھرب 14 ارب 39 کروڑ 32 لاکھ 31 ہزار 418 روپے ہو گیا۔ سب سے زیادہ تیزی پاک ٹوبیکو ایکس ڈی کے حصص کی قیمت میں ہوئی جو 67.04 روپے کے اضافے سے 2107.58 روپے پر بند ہوئی۔ اسی طرح مری پیٹرولیم کے حصص کی سودے بھی 63.30 روپے کی تیزی سے 1501.42 روپے پر بند ہوئے۔
سب سے زیادہ مندی اٹلس ہنڈا لمیٹڈ اور جوبلی لائف انشورنس ایکس ڈی کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی۔ اٹلس ہنڈا لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 17.67 روپے کی مندی سے 548.50 روپے اور جوبلی لائف انشورنس ایکس ڈی کے حصص کی قیمت بھی 13 روپے کی کمی سے 692 روپے رہ گئی۔
سب سے زیادہ کاروبار ٹی آر جی پاک لمیٹڈ کے حصص میں ہوا جو 2 کروڑ 7 لاکھ 67 ہزار شیئرز رہا جس کی قیمت 30.30 روپے سے شروع ہو کر 29.70 روپے پر بند ہوئی جبکہ کے الیکٹرک لمیٹڈ کے 1 کروڑ 82 لاکھ 97 ہزار حصص کے سودے 6.13 روپے سے شروع ہو کر 6.49 روپے بند ہوئے۔ مجموعی طور پر 22 کروڑ 93 لاکھ 69 ہزار 10 حصص کا کاروبار ہوا جبکہ پیرکو 11 کروڑ 82 لاکھ 61 ہزار 640 شیئرز کے سودے ہوئے تھے۔