دس فروری تک کچھ نہیں ہوا تو جنرل الیکشن وقت پر ہونگے، منظور حسین وسان

05:20 PM, 2 Jan, 2018

نیوویب ڈیسک

کراچی: صوبائی وزیر صنعت و تجارت منظور حسین وسان نے پیشنگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دس فروری سے پہلے ملک میں کچھ نہیں ہوا   تو سینٹ اور جنرل الیکشن وقت پر ہونگے۔ یہ بات انہوں نے سندھ سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کی۔

انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں کچھ ہوا توپھر عام انتخاب کچھ عرصے تک ملتوی ہوجائیں گے،دوہزار اٹھارہ دیگر سالوں سے مختلف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخا بات اسی سال ہون گے، دس فروری تک ملک کے لیے اہم دن ہے، اگر ملک کی یہی صور تحال رہی تو انتخاب وقت پر ہونگے، اگر اس دوران کچھ ہوا تو انتخاب نہیں ہونگیں،کچھ نئے کیس بنیں گے اور کچھ پر فیصلے آئیں گے،اس عرصے کے دوران وزیراعظم کے ساتھ سب کے تعلقات اچھے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس ماہ بیرونی خطرات اور تھریٹ مزید بڑھیں گے، ٹرمپ کے بیان کے بعد قوم اور سیاسی جماعتیں متحد ہو جائیں گی۔ نواز شریف کوئی بھٹو نہیں ہے کہ انٹرنیشنل ایشوز پر مشاورت کیلئے سعودی والوں نے بلایا ہو،  وہاں پر کچھ اور ایشو تھے جن پر شریف برادران گئے ہونگے۔ اندرونی اور بیرونی خطرات بڑھ گئے تو حالات خراب ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس صور تحال سے بیرونی طاقتیں فائدہ اٹھاسکتی ہیں، اسی لیے سب کو متحدہ ہونا پڑیگا، پاکستانی قوم متحدہ ہے۔ سندھ میں گنے کا ایشو اس ماہ حل ہو جائے گا، اس مسئلے کا ذمےدار وفاق ہے، سندھ حکومت کاشتکاروں کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواب اور پیش گوئیوں میں مجھے کوئی نہیں بتاتا ہے میرا  اپنا تجزیہ ہوتا ہے، وزرات اعظمی کیلئے ن لیگ میں دو امیداور ہیں، مریم نواز اور شہباز شریف، ن لیگ پارٹی کا سربراہ نوازشریف ہے وہ جو بھی فیصلہ کرتے ہونگے سب وہی قبول کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ وفاق میں اتحادی حکومت بنے گی،مقابلہ تین پارٹیوں میں سخت ہوگا، اسی ماہ میں بیرونی دھمکیاں مزید دی جائیں گی۔ ٹرمپ کا بیان پاکستان کے لیے مفید ہو سکتا ہے، اگر الیکشن وقت پر ہو گئے تو جمہوریت کا تسلسل برقرار رہے گا۔

مزیدخبریں