حلب: شام میں ترکی اور روس کی مساعی سے طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کو ناکام بنانے کے لیے ایرانی سازشیں دوبارہ شروع ہوگئی ہیں۔ایرانی پاسداران انقلاب اور اس کے ماتحت شیعہ ملیشیاوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں شروع کی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق دمشق کے قریب جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے والے ایک ایرانی فوجی جنرل کو ہلاک کردیا گیا۔ مقتول ایرانی فوجی افسر کی شناخت بریگیڈیئر جنرل غلام علی قلی زادہ کے نام سے کی گئی ہے۔ ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق قلی زادہ ایرانی پاسداران انقلاب کا اہم فوجی افسر رہا ہے اور وہ عراق۔ایران جنگ میں بھی حصہ لے چکا ہے۔ حال ہی میں دمشق کے قریب شامی اپوزیشن کے ساتھ جھڑپ کے دوران اس کی موت واقع ہوئی۔
ادھر ایرانی اپوزیشن کی نمائندہ قومی مزاحمتی کونسل کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب کے ماتحت ملیشیاوں اور اسدی فوج نے شمال مشرقی دمشق میں وادی بردی میں لڑائی کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ اسدی فوج اور اس کے حامی جنگجو گروپوں نے 29 اور 30 دسمبر کو دوبارہ جنگ چھیڑنے کی کوشش کرتے ہوئے وادی بردی میں فضائی بمباری کی تھی۔